حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی حیدر فرشتہ چیر مین یو ٹی وی نیٹ ورک(UTVnetwork)حیدرآباد دکن تلنگانہ ہندوستان نے نائجیریا کے بلند پایہ شیعہ مذہبی رہنما آیۃاللہ شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ محترمہ کی طویل المدت ناحق قید و بند کی صعوبت سے رہائی پر ہدیہ مبارکباد پیش کرتے ہوئے تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہا کہ آیۃ اللہ شیخ زکزکی مد ظلہ العالی نائیجیریا میں بہت مقبول شخصیت کے مالک اور بیحد فعال مذہبی رہنما ہیں۔وہ نائیجیریا میں ایرانی طرز کے اسلامی انقلاب کے لئے جد و جہد کر رہے ہیں۔اس کے پاداش میں دسمبر ۲۰۱۵ء میں ان کو اور ان کی اہلیہ اور اسلامی تحریک برائے نائیجیریا ( آئی ایم این ) کے دوسو پیروکاروں سمیت گرفتار کر لیا گیا تھا۔۲۰۱۶ء میں ایک عدالت میں آیۃ اللہ شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا مگر حکومت نے عدالتی فیصلہ کو نہ صرف نظر انداز کیا بلکہ ان کے خلا ف مزید قتل کے الزامات عائد کر دئے۔۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۰ء کے دوران آئی ایم این کے بیشتر ممبران کو رہا کردیا گیا مگر شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ کو قید ہی میں رکھا گیا۔
آخر کار حال میں نائیجیرا کی عدالت نے شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ پر بھی عائد تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے با عزت رہائی کا حکم صا در کیا اور اس طرح ولایت ِ علی ؑ کے مضبوط عاشق و شیدا کو بھی عید سعید غدیر کے پر مسرت اور بابرکت موقع پر رہائی مل گئی۔
یو ٹی وی ( UTVnetwork) کے ارکان آیۃ اللہ شیخ زکزکی اور ان کی اہلیہ محترمہ کی قید سے باعزت رہائی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ،اور اس رہائی کو ظلم و ناانصافی کے خلاف سچ اور انصاف کی فتح قرار دیتے ہیں۔اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ آیۃ اللہ شیخ زکزکی اور اور ان کے تما م متعلقین و لواحقین اور حامیوں کو صحت و سلامتی کے ساتھ طول عمر عطا فرمائے اسلام اور مسلمانوں کو ترقی و استحکام عطا فرمائے۔دشمنان انقلاب اسلامی اور اسلامی جمھوری ایران کے مخالفین کو ذلیل و رسوا فرمائے۔علمائے دین،مراجع کرام اور تمام شیعیان ِ علی کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ اور امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے ظھور پر نور میں تعجیل فرمائے ۔آمین۔